ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مسلم طالبات کو حجاب سے روکنابنیادی حقوق کی خلاف ورزی،انسانی حقوق کمیشن نوٹس لے:جماعت اسلامی ہند

مسلم طالبات کو حجاب سے روکنابنیادی حقوق کی خلاف ورزی،انسانی حقوق کمیشن نوٹس لے:جماعت اسلامی ہند

Mon, 07 Feb 2022 09:09:51    S.O. News Service

نئی دہلی،7؍فروری(ایس او نیوز؍راست) کرناٹک کے ضلع اڈپی کالج کے حجاب تنازع سے اٹھی چنگاری نے کئی کالجزکو اپنی زدمیں لے لیاہے،اس کی آڑ میں جس طرح کا ماحول پیداکرنے کی کوشش کی جارہی ہے،اس سے لگتاہے کہ جمہوری ملک ہندوستان دوسری سمت کی طرف مڑچکاہے،اس سازش نے جمہوریت پسندوں کو سکتہ میں ڈال دیاہے-

دوسری طرف کرناٹک حکومت کے ڈریس کوڈ کے فیصلہ پر تلخ تبصرے شروع ہوگئے ہیں،ایسا لگتاہے کہ انتہاپسندعناصر کا ساتھ دینے کیلئے حکومت میدان میں آگئی ہے-ایک جمہوری ملک میں اگر اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی نہیں ہوگی توکہاں ہوگی؟

جماعت اسلامی ہند نے کرناٹک میں مسلم طالبات کو حجاب پہننے کی وجہ سے اڈپی کے کالج میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے- جماعت اسلامی ہند کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی ہند ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتی ہے کہ کرناٹک کے کچھ اسکول وکالج مسلم لڑکیوں کو حجاب پہننے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں -

تنظیم کی طرف سے جاری پریس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جماعت ان طالبات اور ان کے والدین کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے جو اس سنگین ناانصافی کے خلاف پرامن احتجاج کر رہی ہیں، جو کسی کے مذہب کو ماننے اور اس پر عمل کر نے اور اس میں تجویز ڈریس کوڈ کی پیروی کرنے کے بنیادی حقوق کیخلاف ہے-

جماعت اسلامی ہند اسکول کے حکام پر زور دیتی ہے کہ وہ لڑکیوں کو فوری اسکول جانے کی اجازت دیں اور ان لوگوں کے سامنے نہ جھکیں جو سماج میں تفرقہ اور نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں - ہم کمیشن برائے خواتین اور قومی انسانی حقوق کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں از خود نوٹس لے-جماعت نے کہا کہ بدقسمتی سے، مظاہروں اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بات کرنے کے بجائے، کچھ لوگوں کی طرف سے ایسے مسائل اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے کمیونٹیز کو مذہبی خطوط پر تقسیم کیا جائے-

جماعت کا ماننا ہے کہ ترقی، بے روزگاری، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، خواتین کو بااختیار بنانے جیسے حقیقی مسائل پر زور دیا جانا چاہیے- لوگوں کو ان لوگوں کا ساتھ دینا چاہیے جو بنیادی حقوق کیلئے سیاست کرتے ہیں، آئینی اقدار کو برقرار رکھتے ہیں، جمہوری اصولوں کا احترام کرتے ہیں، انصاف اور بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور رواداری کیلئے جدوجہد کرتے ہیں -

جماعت نے مطالبہ کیا ہے کہ ہم ووٹرز کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مذہبی اور ذات پات سے بالاتر ہو کر امیدوار کے اخلاقی کردار کو دیکھیں اور ووٹنگ کو اس طرح یقینی بنائیں کہ جو جماعتیں نفرت کو پروان چڑھاتی ہیں اور قوم کو شامل کرنے والی سوچ نہیں رکھتیں وہ شکست کھا جائیں - ہم الیکشن کمیشن پر زور دیتے ہیں کہ وہ تقاریر اور انتخابی جلسوں پر کڑی نظر رکھے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہ ہو- جماعت کا یہ بھی ماننا ہے کہ انتخابات میں پیسے کے کردار پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی جماعت کو منی پاور اور پٹھوں کی طاقت سے انتخابی عمل میں ہیرا پھیری کی اجازت نہ دی جائے-


Share: